اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نئے سال پر سینیٹ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے ملائیشیا اور ترکی کی حکومتوں کے ساتھ وعدے کے باوجود سعودی عرب کے دباؤ کے سبب کوالالمپور اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی سیاسی خود مختاری کو سعودی عرب کے سامنے گروی رکھ کر اجلاس میں شرکت نہیں کی کیونکہ سعودی عرب نے ایسا کرنے سے منع کردیا تھا۔ سینیٹر رضا ربانی نے نیب آرڈی نینس کے معاملے پر بھی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال کیا کہ کیا نیب کا قانون صرف سیاستدانوں کے لیے ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بامعنی احتساب چاہتی ہے تو سب کا ایک جگہ احتساب کیا جائے۔ سینیٹر رضا ربانی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ شفاف احتساب میں کوئی مقدس گائے نہیں ہونی چاہیے اور اس کا اطلاق بیورو کریسی کے ساتھ ساتھ عدلیہ اور مسلح افواج پر بھی ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آئین پر عملدرآمد نہیں کر رہی اور اس کے اقدامات سے پارلیمنٹ غیرموثر ہو رہی ہے۔
/129